عوام کیلئے ایک اور مشکل، بجلی کے بعد گیس بھی مہنگی
07-24-2023
(لاہور نیوز) مہنگائی کی چکی میں پسے عوام کی مشکلات کم نہ ہو سکیں، بجلی کے بعد گیس بھی مہنگی کر دی گئی۔؟
تفصیلات کے مطابق اوگرا نے گیس ٹیرف بڑھانے کی منظوری دیدی ہے، سوئی نادرن کے صارفین کے لئے گیس کی قیمت اوسطا 50 فیصد تک بڑھانے کی منظوری دی گئی ہے، سوئی نادرن کے صارفین کےلئے گیس نرخ 415روپے 11پیسے فی ایم ایم بی ٹی یو بڑھانے کی منظوری ہوئی ہے۔ سوئی نادرن کے صارفین کا فی ایم ایم بی ٹی یو ریٹ 1238 روپے 68 پیسے ہوجائیگا، اوگرا نے ریونیو ضروریات منظور کرکے حکومت کو بھجوا دی ہیں،حکومت اوگرا کی منظوری کے بعد قیمتوں کو بڑھانے کا نوٹیفیکیشن جاری کریگی ۔ اوگرا نے ریونیو ضروریات کا تعین مالی سال 2023 اور 2024 کے لئے کیا تھا، حکومت کی منظوری کے بعد تمام صارفین کے لئے گیس کے نرخوں میں اضافہ ہو جائیگا، گیس کے نرخوں میں اضافہ کا اطلاق یکم جولائی سے کیا جائیگا، گیس صارفین جن میں گھریلو ، صنعتی ، تندور ، سی این جی، ہوٹل سمیت سب کی قیمتیں بڑھ جائیں گی۔ اوگرا کمپنیوں کی تجاویز کو مدنظر رکھتے ہوئے قیمتوں کا تعین کرتا ہے،اوگرا آرڈیننس 2002 کے سیکشن آٹھ اور تین کے مطابق قیمتوں کا تعین کیا جاتا ہے، اوگرا قیمتوں کا تعین کر کے قیمتوں کی سمری وفاقی حکومت کو ارسال کرتا ہے، اوگرا تجاویز پر وفاقی حکومت چالیس دن میں قیمتوں کا تعین کر کے نوٹیفکیشن کرتی ہے۔