دریائے راوی میں پانی کا اتار چڑھاؤ جاری، قریبی آبادیاں زیر آب آنے کا خدشہ
07-24-2023
(لاہور نیوز) دریائے راوی میں پانی کا اتار چڑھاؤ جاری ہے، شاہدرہ کے مقام سے اس وقت بھی 20 ہزار کیوسک فٹ سے زائد پانی گزر رہا ہے، بھارت نے مزید پانی چھوڑا تو شاہدرہ سمیت قریبی آبادیاں سیلاب سے متاثر ہو سکتی ہیں۔
گزشتہ چند ہفتوں سے دریائے راوی میں پانی کا بہاؤ معمول سے کہیں زیادہ ہے، شاہدرہ کے مقام پر اس وقت 20 ہزار 600 کیوسک فٹ پانی گزر رہا ہے اور تاحال دریائے راوی میں شاہدرہ کے مقام پر نچلے درجے کا سیلاب ہے۔ جسڑ کے مقام سے 48 ہزار کیوسک فٹ پانی کا ریلا بھی چلا ہے، مون سون کے جاری سپیل سے بھی دریائے راوی میں شاہدرہ کے مقام پر پانی کی سطح بلند ہونے کا امکان ہے۔ بھارت کی جانب سے تاحال پانی کا بڑا ریلا نہیں چھوڑا گیا لیکن بھارتی ڈیم بھرجانے سے زائد پانی دریائے راوی میں آنے کا خدشہ ہے، جس سے شاہدرہ اور قریبی آبادیاں متاثر ہو سکتی ہیں۔ حفاظتی اقدامات کے لئے ضلعی انتظامیہ، ریسکیو، پی ڈی ایم اے اور سول ڈیفنس کے اہلکار شاہدرہ کے مقام پر دریائے راوی کے کنارے موجود ہیں۔