سپریم کورٹ نے وکیل قتل کیس میں چیئرمین پی ٹی آئی کی گرفتاری روک دی
07-24-2023
(لاہور نیوز) وکیل عبدالرزاق شر قتل کیس میں سپریم کورٹ نے پولیس کو چیئرمین پی ٹی آئی کو گرفتار کرنے سے روک دیا۔
قبل ازیں وکیل عبدالرزاق شر قتل کیس میں آئی جی بلوچستان نے تحقیقاتی رپورٹ سپریم کورٹ میں جمع کروا دی تھی۔ رپورٹ میں کہا گیا کہ مقتول کو آرٹیکل 6 کی درخواست پر دھمکیاں دی جا رہی تھیں۔ آئی جی بلوچستان کی جانب سے جمع کرائی گئی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ تحقیقات کے دوران 8 جون کو وزارت داخلہ کی جانب سے ڈی آئی جی سی ٹی ڈی کی سربراہی میں 7 رکنی جے آئی ٹی بنائی گئی جس کی اب تک 8 میٹینگز ہو چکی ہیں۔ رپورٹ میں بتایا گیا کہ جے آئی ٹی کے پہلے اجلاس میں ملزمان کو بلانے کا فیصلہ کیا گیا، 19 جون کو چیئرمین پی ٹی آئی کو طلبی کے نوٹسز بھیجے گئے، متعدد نوٹسز کے باوجود چیئرمین پی ٹی آئی شامل تفتیش نہیں ہوئے، مقدمہ میں چیئرمین پی ٹی آئی سمیت 4 ملزمان کو شامل تفتیش کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ رپورٹ کے مطابق مقتول کی اہلیہ اور دو بھائیوں کے بیانات بھی ریکارڈ کیے جا چکے ہیں جبکہ تحقیقات ابھی جاری ہیں۔