ایمرجنگ ایشیا کپ جیتنے والی پاکستان شاہینز ٹیم کا ہوٹل پہنچنے پر شاندار استقبال

07-24-2023

(ویب ڈیسک) بھارت کو شکست دے کر ایمرجنگ ایشیا کپ جیتنے والی پاکستان شاہینز کی ٹیم کا ہوٹل پہنچنے پر پاکستانی ٹیسٹ سکواڈ کی جانب سے شاندار استقبال کیا گیا۔

اتوار کو پاکستان شاہینز نے بھارت اے کو بڑے مارجن سے شکست دے کر ایمرجنگ ایشیا کپ کا کامیابی سے دفاع کیا۔ بھارت کے خلاف فائنل جیتنے کے بعد  پاکستان شاہینز کی ٹیم کا ہوٹل پہنچنے پر شاندار استقبال کیا گیا۔ پاکستان ٹیسٹ سکواڈ کے پلیئرز نے شاہینز کا تالیاں بجاکر استقبال کیا، بابراعظم ، شاہین آفریدی ، سرفراز اور حسن علی نے نوجوان پلیئرز کو گلے لگا کر مبارک باد دی۔ دونوں ٹیموں کے کرکٹرز نے جیت کا جشن روایتی انداز میں کیک کاٹ کر منایا۔ بابر اعظم نے کیک کاٹتے وقت فائنل میں سنچری  بنانے والے طیب طاہر کو آگے بلا لیا۔ دوسری جانب ہوٹل کی لابی میں فینز بھی پاکستان شاہینز کو مبارک باد دینے جمع ہوئے، اس موقع پر فینز نے شاہین کے کھلاڑیوں کے ساتھ تصاویر بنوائیں۔ واضح رہے کہ پاکستان کا ٹیسٹ سکواڈ سیریز کھیلنے کیلئے سری لنکا میں موجود ہے۔دو میچز پر مشتمل ٹیسٹ سیریز کا دوسرا میچ آج سے کولمبو میں شروع ہوگا، پاکستان کو سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل ہے۔