ٹک ٹاک بناتے ہوئے نوجوان دریائے راوی میں ڈوب کر جاں بحق

07-24-2023

(ویب ڈیسک) ٹک ٹاک بنانے کا شوق ایک اور نوجوان کی جان لے گیا، متوفی کی نعش دریا سے 8 دنوں کے بعد نکال لی گئی۔

اطلاعات کے مطابق لاہور کا 30 سالہ رہائشی عدنان اپنے دوستوں کے ہمراہ بارہ دری کے قریب ٹک ٹاک بنا رہا تھا کہ اچانک پاؤں پھسلنے پر دریائے راوی میں گرگیا اور پھر گہرے پانی میں ڈوب گیا۔ بتایا گیا ہے کہ صورتحال دیکھ کر امدای اداروں کو اطلاع دی گئی جس کے بعد ریسکیو ادارے کے اہلکاروں نے عدنان کو پانی میں تلاش کرنے کی بھرپور کوشش کی لیکن وہ ناکام رہے۔ امدادی اداروں کے اہلکاروں نے متوفی عدنان کی نعش 8 دنوں کے بعد گہرے پانی سے نکال لی جس کے بعد اسے پوسٹ مارٹم کے لیے ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ 30 سالہ متوفی عدنان شاد باغ لاہور کا رہائشی تھا، پولیس اور فرانزک ٹیم نے اس حوالے سے ثبوت و شواہد بھی اکٹھے کر لیے ہیں۔ پولیس حکام کے مطابق قتل اور حادثاتی موت کا تعین تحقیقات کے بعد کیا جائے گا لیکن عدنان کے چاروں دوستوں کو حراست میں لے کر تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔