سیلاب کا خدشہ، کمشنر لاہور کا متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کا حکم

07-23-2023

(لاہور نیوز) کمشنر لاہور محمد علی رندھاوا نے سیلاب کے حوالے سے پیشگی اقدامات پر تمام محکموں اور اداروں کو انتہائی خبردار کردیا۔

کمشنر لاہور محمد علی رندھاوا کی زیر صدارت اجلاس ہوا  جس  میں ڈپٹی کمشنر رافعہ حیدر، قصور، ننکانہ صاحب، شیخوپورہ  کے ڈپٹی کمشنرز اور دیگر محکموں کے افسران نے شرکت کی، کمشنر محمد علی رندھاوا نے سیلاب سے نمٹنے کے لیے تمام پیشگی  ہنگامی انتظامات سوفیصد مکمل کرنے کے احکامات جاری کردئیے۔ کمشنر لاہور نے کہا کہ تمام اضلاع کی انتظامیہ محکمہ آبپاشی کی ہر ہدایت پر من و عن عملدرآمد کرے گی، ڈپٹی کمشنرز اپنے سٹاف کو ماضی میں سیلاب سے متاثرہ آبادیوں میں تعینات کریں، دریاؤں کی قریبی جگہوں پر ایڈوانس کیمپس اور ان کے پیچھے مکمل ریلیف کیمپس بنیں گے۔ محمد علی رندھاوا کا مزید کہنا تھا کہ آبادیوں کے انخلاء کیلئے ہوم ورک مکمل کر لیں تاکہ ہنگامی صورتحال میں درست فیصلے کیے جاسکیں۔