کوٹ لکھپت جیل میں قیدی نے خودکشی کر لی

07-23-2023

(لاہور نیوز) کوٹ لکھپت جیل میں مدثر نامی قیدی نے پُراسرار طور پر خودکشی کر لی۔

حکام کے مطابق قیدی مدثر ولد طالب حسین نے نو تعمیر شدہ بلاک کے لان کی صفائی کی مشقت کے دوران خود کو لوہے کے جنگلے کے ساتھ لٹکا کر خودکشی کی ہے، واقعہ کی قانونی کارروائی جاری ہے۔ اعلیٰ پولیس حکام کی جانب سے ابتدائی طور پر اسسٹنٹ سپرنٹنڈنٹ جیل محمد مالک اور چیف ہیڈ وارڈر محمد رفیق کو غفلت اور نااہلی کا مظاہرہ کرنے پر نوکری سے معطل کر دیا گیا ہے جبکہ ڈی آئی جی لاہور ریجن نوید رؤف کو معاملے کی مکمل انکوائری کے بعد رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ انکوائری رپورٹ کی روشنی میں واقعہ کے ذمہ داران کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔