جیل حکام نے میاں محمود الرشید کے انتقال کی خبروں کی تردید کردی

07-23-2023

(لاہور نیوز) کیمپ جیل انتظامیہ نے تحریک انصاف کے رہنما و سابق صوبائی وزیر میاں محمود الرشید کے انتقال کے حوالے سے گردش کرنے والی خبروں کو بے بنیاد قرار دے دیا۔

ترجمان کیمپ جیل کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ میاں محمود الرشید کی ڈسٹرکٹ جیل لاہور میں انتقال کی سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی خبریں بے بنیاد اور جھوٹ پر مبنی ہیں، میاں محمود الرشید اس وقت ڈسٹرکٹ جیل لاہور میں صحت اور تندرستی کے ساتھ موجود ہیں اور انھیں تمام تر طبی سہولیات مہیا کی جا رہی ہیں۔ کیمپ جیل ترجمان نے بتایا کہ میاں محمود الرشید کو حکومت پنجاب کی منظوری کے بعد 22 جولائی 2023 کو پنجاب انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی "ایکو کارڈیو گرافی" ٹیسٹ کے سلسلے میں منتقل کیا گیا تھا، کنسلٹنٹ پروفیسر کے معائنے کے بعد اسی دن ہی جیل واپس منتقل کر دیا گیا۔ جیل ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ ایسی بے بنیاد اور من گھڑت خبروں کے ذریعے حکومت پنجاب اور محکمہ جیل خانہ جات پنجاب کو بدنام کرنے کوشش کی جا رہی ہے۔