فلڈ وارننگ کے باوجود دریائے راوی کے کنارے جھونپڑیاں تاحال قائم

07-23-2023

(لاہور نیوز) سیلاب کے خدشے کی وارننگ کے باوجود دریائے راوی کے کنارے پر جھونپڑیاں تاحال قائم ہیں، انتظامیہ کی جانب سے خانہ بدوشوں کو محفوظ مقامات پر منتقل نہیں کیا جا سکا۔

لاہور میں 29 جولائی تک مزید بارشوں کی پیشگوئی کے پیش نظر پنجاب کے دریاؤں میں پانی کی سطح میں مسلسل اضافے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے، دریائے راوی میں 48 گھنٹوں کے دوران درمیانے سے اونچے درجے کے سیلاب کا اندیشہ ہے۔ حکومتی ذرائع کے مطابق اس وقت دریائے راوی میں شاہدرہ کے مقام سے 22 ہزار کیوسک پانی بہہ رہا ہے، بلوکی پر 71 ہزار کیوسک اور جسڑ کے مقام پر 45 ہزار کیوسک تک پانی کا ریلا گزر رہا ہے، فلڈ وارننگ کے باوجود دریائے راوی کے گرد جھونپڑیاں تاحال قائم ہیں،  انتظامیہ کی جانب سے خانہ بدوشوں کو محفوظ مقام پر منتقل نہیں کیا جا سکا۔ یہ بھی پڑھیں: سیلابی صورتحال، پنجاب حکومت کا ریڈ الرٹ جاری کرنے کا فیصلہ ریسکیو اہلکار فیاض محمود کا کہنا ہے کہ سیلاب کے خدشے کے پیش نظر ریسکیو ٹیم ہائی الرٹ ہے، کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے کے لئے ریسکیو ٹیمیں 24 گھنٹے فیلڈ میں موجود ہیں۔ خیال رہے پی ڈی ایم اے کی جانب سے مسلسل بارشوں کے پیش نظر سیلاب کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے جبکہ متعلقہ تمام اداروں کو ہائی الرٹ رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔