'فنکار کسی کی ملکیت نہیں' اداکارہ رومیسہ خان ہسپتال سٹاف کی بداخلاقی پر سیخ پا

07-23-2023

(ویب ڈیسک) پاکستانی ٹک ٹاکر و اداکارہ رومیسہ خان نے کہا ہے کہ فنکار عوامی شخصیات ضرور ہیں لیکن کسی کی ذاتی ملکیت نہیں ہیں۔

اداکارہ نے نئی لانچ ہونے والی سوشل میڈیا ایپ ٹھریڈز پر ایک پوسٹ میں ہسپتال میں اپنے ساتھ پیش آنیوالا واقعہ بیان کرتے ہوئے ہسپتال انتظامیہ کی بداخلاقی پر سخت برہمی کا اظہار کیا ہے۔ رومیسہ خان نے لکھا کہ میں اپنی والدہ کو شدید تکلیف کی حالت میں ایک ہسپتال لے کر گئی جہاں والدہ کو آئی سی یو میں رکھا گیا اور میں آئی سی یو وارڈ کے باہر اپنی والدہ کے لئے روتے ہوئے دعائیں کررہی تھی، اس وقت مجھے حوصلے اور تسلی کی ضرورت تھی۔ انہوں نے کہا کہ اس موقع پر ہسپتال کی نرسیں میری ویڈیوز بنارہی تھیں اور میرے ساتھ سیلفی لینے کی کوشش کررہی تھیں، ہسپتال کے سٹاف کی طرف سے بدتمیزی اور بداخلاقی نے مجھے بہت زیادہ تکلیف دی اور میں اس وقت شدید ذہنی اذیت کا شکار ہوئی۔ ٹک ٹاکر کا مزید کہنا تھا کہ مجھے کسی شاپنگ مال کے اندر ویڈیوز اور سیلفی لینے سے کوئی مسئلہ نہیں ہے لیکن اس حساس موقعوں پر لوگوں کو فنکاروں کی نجی زندگی کا خیال رکھنا چاہئے۔