آج سے 29 جولائی تک مزید بارشوں کی پیشگوئی، پی ڈی ایم اے کا فلڈ الرٹ جاری

07-23-2023

(لاہور نیوز) شہرلاہور میں حبس اورگرمی کی کیفیت برقرار ہے جبکہ محکمہ موسمیات نے آج سے 29جولائی تک مزید بارشوں کی پیش گوئی کر دی، پی ڈی ایم اے نے اگلے 48 گھنٹوں میں دریاؤں میں پانی کی سطح بلند ہونے کا خدشہ ظاہر کر دیا۔

شہر لاہور میں سورج اور بادلوں کی آنکھ مچولی دن بھر جاری رہی، حبس اور گرمی کی کیفیت بھی برقرار ہے، شہر کا کم سے کم درجہ حرارت 26 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ پارا 31 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے، محکمہ موسمیات  کے مطابق ہوا کی رفتار 8 کلومیٹر فی گھنٹہ اور نمی کا تناسب 79 فیصد ریکارڈ کیا گیا ہے۔ ادھر محکمہ موسمیات نے آج سے 29جولائی تک مزید بارشوں کی پیش گوئی کر دی ہے، مسلسل بارشوں کے پیش نظر پی ڈی ایم اے نے بھی خطرے کی گھنٹی بجا دی،پی ڈی ایم اے نے مسلسل بارشوں کے باعث 48 گھنٹوں میں دریائے راوی ، چناب اور جہلم میں سیلاب کا خدشہ ظاہر کرتے ہوئے صوبہ بھر کی انتظامیہ  کو الرٹ رہنے کی ہدایت کی ہے۔