وزیراعظم کا 'صحت مند غذا، تندرستی سدا ' مہم شروع کرنے کا اعلان

07-23-2023

(لاہور نیوز) وزیراعظم شہباز شریف نے 'صحت مند غذا، تندرستی سدا ' کے نام سے آگاہی مہم شروع کرنے کا اعلان کر دیا۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایک بیان میں وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ عوام کی اچھی صحت کا صاف اور صحت مند خوراک سے گہرا تعلق ہے، یہ عوام کا حق ہے کہ انہیں یہ معلوم ہو کہ ان کو فراہم کردہ خوراک میں کیا اجزا شامل کئے گئے ہیں تاکہ وہ بہتر اور شفاف معلومات کی بنا پر اپنی خوراک کا انتخاب کر سکیں۔ انہوں نے کہا کہ میری ہدایت پر  صحت مند غذا، تندرستی سدا  مہم کا پورے پاکستان میں اجرا کیا جا رہا ہے، اس مہم کے تحت ہر ریسٹورنٹ کھانوں کی مکمل کیلوریز سے صارف کو آگاہ کرے گا، اس کے علاوہ کھانے پینے کی پیک شدہ اشیاء پر عالمی ادارہ صحت کی سفارش کردہ تجاویز پر مبنی غذائیت کی مکمل معلومات شائع کی جائیں گی۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ٹرانسفیٹ ایسڈ کو بھی صرف 2 فیصد تک محدود کیا جا رہا ہے تاکہ دل اور دیگر بیماریوں کا سدباب کیا جا سکے، ہمارے ہسپتال ویران اور کھیلوں کے میدان آباد رہنے چاہئیں اور یہ مہم ایک صحت مند مستقبل کی نوید ثابت ہوگی۔