ورلڈ کپ پرومو میں بابراعظم کو شامل نہ کرنے کا معاملہ،شعیب اختر کا ردعمل جاری

07-23-2023

(ویب ڈیسک)قومی کرکٹ ٹیم کے سابق فاسٹ باولر شعیب اختر نے ورلڈ کپ پرومو میں بابراعظم کو شامل نہ کرنے پرمایوسی کا اظہار کردیا۔

شعیب اختر نے سماجی رابطے کی سائٹ ٹوئٹر پر ٹوئٹ کرتے ہوئے لکھا کہ جس نے سوچا کہ ورلڈکپ پرومو پاکستان اور بابراعظم کی نمایاں موجودگی کے بغیر مکمل ہو جائے گا، اس نے حقیقت میں خود کے ساتھ مذاق کیا ہے، میرے خیال میں تھوڑا بڑے ہونے کی ضرورت ہے۔ گزشتہ دنوں انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے بھارت میں 5 اکتوبر سے شروع ہونے والے ورلڈکپ 2023 کیلئے سوشل میڈیا پر آفیشل پرومو جاری کیا تھا۔ آئی سی سی کی جانب سے ٹوئٹر پر 2 منٹ اور 13 سیکنڈ کی ویڈیو جاری کی گئی، جس میں ‘یہ تقریبا آ پہنچا ہے’ کا پیغام بھی درج ہے، اس ویڈیو میں بالی ووڈ اداکار شاہ رخ خان ٹرافی کے ہمراہ موجود ہیں جبکہ ماضی کے ورلڈکپ ٹورنامنٹس کی خوشگوار یادیں بھی تازہ کی گئی ہیں۔ آئی سی سی کی جانب سے جاری کردہ پرومو ویڈیو میں بھارتی کھلاڑیوں اور مداحوں کو زیادہ دکھانے پر کرکٹ کونسل کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا جارہا ہے جبکہ کچھ شائقین کرکٹ کا کہنا ہے کہ ایسا لگتا ہے بھارت کے علاوہ کوئی ٹیم ورلڈکپ میں شامل نہیں ہے۔