انکم ٹیکس ریٹرن آن لائن جمع کروانا چاہتے ہیں؟تو جانئے طریقہ کار
07-23-2023
(ویب ڈیسک)30 ستمبر تک انکم ٹیکس ریٹرن آن لائن جمع کروانے کا طریقہ کار جاری کردیا گیا۔
سب سے پہلے ایف بی آر کی ویب سائٹ پر جائیں، وہاں پر انکم ٹیکس کی ٹیب پر کلک کرکے(آئی آر آئی ایس) کے لنک پر چلے جائیں اور لاگ ان کریں، وہاں پر مختلف کیٹیگریز ہیں جہاں پر جاکر باآسانی ٹیکس گوشوارے جمع کرائے جاسکتے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق ویب پورٹل پر آپ آن لائن چالان حاصل کرکےکسی بھی قریبی بینک میں جا کر واجب الادا ٹیکس جمع کراسکتے ہیں، کوئی بھی شخص اگر تمام دستاویزات کے ساتھ ایف بی آر کی ویب سائٹ پر جائے تو وہ 4 سے 5 منٹ میں انکم ٹیکس ریٹرن فائل کرسکتا ہے۔ قانون کے مطابق انکم ٹیکس ریٹرن جمع کروانے والے کو اپنے اثاثہ جات میں ظاہر کرنے ہوتے ہیں۔ایف بی آر کی ویب سائٹ پر جاکر آپ اپنے اثاثوں سے متعلق تفصیلات بھی باآسانی جمع کراسکتے ہیں۔ ماہر ٹیکس امور ذیشان مرچنٹ کا کہنا ہےکہ اگر آپ تنخواہ دار ہیں تو آپ کے پاس سیلری سرٹیفکیٹ، بینک پرافٹ کی تفصیل، شیئرز کا منافع ملا ہے تو ڈیویڈینڈ کی تفصیل، سال بھر کے خرچوں کا اندازہ ہونا چاہیے، یہ 4 چیزیں ہوں تو آپ آسانی سے ایف بی آر کی ویب سائٹ یا ایف بی آر کی ٹیکس آسان کی ایپ پر جا کر انکم ٹیکس ریٹرن منٹوں میں جمع کرواسکتے ہیں۔