ایک جانب بدلتاموسم،دوسری جانب عالمی ادارہ صحت نے ڈینگی کے خطرے کی گھنٹی بجا دی

07-23-2023

(ویب ڈیسک)عالمی ادارہ صحت نے بدلتے موسم کی وجہ سے ڈینگی کے بڑھتے خطرے سے متعلق خبردار کردیا۔

ڈبلیو ایچ او نے کہا ہے کہ 2000 کے مقابلے میں 2022 تک ڈینگی کے کیسز میں 8 گنا کا اضافہ دیکھا گیا ہے اور شاید اس سال مچھروں سے پیدا ہونے والا مرض ایک غیرمعمولی نیا ریکارڈ قائم کرسکتا ہے۔ ماہرین نے اس کی سادی وجہ بڑھتے ہوئے درجہ حرارت کو قرار دیا ہے جو ریکارڈ کے نئے اہداف قائم کررہا ہے۔ رپورٹ کے مطابق اس سے قبل جنوری 2023 میں بھی ادارے نے ایک انتباہی بیان دیا تھا کہ ڈینگی تیزی سے پھیل رہا ہے اور وبا کی طرح پھیلنے کا خدشہ بھی ظاہرکیا گیا تھا۔عالمی ادارہ برائے صحت کے ماہر ڈاکٹررامن ویلایودان کہتے ہیں کہ دنیا کی آدھی آبادی اس ہولناک مرض کی زد میں ہے۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ گرمی سے مچھروں کی تعداد اور پھیلاؤ، دونوں میں ہی اضافہ ہورہا ہے۔ ڈبلیو ایچ او کے مطابق 2019 میں 129 ممالک میں ڈینگی کے 52 لاکھ سے زائد کیس رجسٹر ہوئے جو ایک بہت بڑی تعداد اور نیا ریکارڈ ہے لیکن اس سال بالخصوص ایشیائی مون سون کی وجہ سے یہ تعداد 40 لاکھ تک پہنچ سکتی ہے، اس کی وجہ بھی انہوں نے عالمی تپش کو قرار دیا ہے،تاہم اب بھی اس سے متاثرہ افراد میں موت کی شرح ایک فیصد کے لگ بھگ ہے جو ایک خوش آئند بات ہے۔