ایمرجنگ ایشیا کپ: پاک بھارت فائنل سے قبل بابراعظم کی کھلاڑیوں سے ملاقات

07-23-2023

(ویب ڈیسک) ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) ایمرجنگ ایشیا کپ کے پاک بھارت فائنل سے قبل قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابراعظم نے پاکستان شاہینز کے کھلاڑیوں سے ملاقات کی اور انہیں مفید ٹپس دیں۔

اے سی سی ایمرجنگ ایشیا کپ کا فائنل اتوار کو پاکستان شاہینز اور بھارت اے کی ٹیموں کے درمیان کھیلا جائے گا۔ پاکستان ٹیسٹ سکواڈ اور پاکستان شاہینز ٹیم ان دنوں کولمبو میں ہی ہیں، پاکستان ٹیم کے کپتان بابراعظم نے اس موقع کا فائدہ اٹھاتے ہوئے ایمرجنگ ایشیا کپ کے فائنل کیلئے کوالیفائی کرنے والی پاکستان شاہینز ٹیم کے کھلاڑیوں سے ملاقات کی اور اتوار کو بھارت اے کیخلاف فائنل سے قبل ٹپس دیں۔ کولمبو میں جاری ایمرجنگ ایشیا کپ کے سیمی فائنل میں پاکستان شاہینز نے سری لنکا اے کو شکست دیکر فائنل کیلئے کوالیفائی کیا تھا، فائنل اتوار کو پاکستان شاہینز اور بھارت اے کی ٹیموں کے درمیان کھیلا جائے گا۔