مسلم لیگ (ن) کی چیف آرگنائزر مریم نواز وطن واپس پہنچ گئیں

07-23-2023

(ویب ڈیسک) پاکستان مسلم لیگ (ن) کی سینئر نائب صدر اور چیف آرگنائزر مریم نواز وطن واپس پہنچ گئیں۔

علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ لاہور پر (ن) لیگ کے سابق ممبر صوبائی اسمبلی مرزا جاوید نے مریم نواز شریف کا استقبال کیا ۔ بعدازاں وہ ذاتی سکیورٹی کے حصار میں ایئرپورٹ سے اپنی رہائش گاہ جاتی امراء رائیونڈ روانہ ہوگئیں۔ مریم نواز عید الاضحیٰ سے قبل دبئی سے لندن کے لئے روانہ ہوئی تھیں، انہوں نے کچھ دن دبئی میں بھی قیام کیا تھا اور بعدازاں اپنے والد اور سابق وزیراعظم نواز شریف کے ہمراہ لندن میں عید منائی، لندن قیام کے دوران انہوں نے والد کے ساتھ ملکی سیاسی صورتحال پر اہم مشاورت بھی کی۔ یاد رہے کہ مسلم لیگ (ن) کے قائد اور سابق وزیراعظم میاں نواز شریف کی پاکستان واپسی کا متوقع شیڈول بھی سامنے آ گیا ہے، پارٹی ذرائع کے مطابق سابق وزیراعظم اگلے چند دنوں میں سعودی عرب سے دبئی اور پھر لندن واپس جائیں گے۔ پارٹی ذرائع نے بتایا کہ قائد (ن) لیگ لندن میں 5 سے 6 ہفتے کے قیام کے بعد پاکستان کیلئے روانہ ہوں گے۔ لندن پہنچنے کے بعد میاں نواز شریف کی پاکستان واپسی کے حوالے سے تیاریاں مکمل کی جائیں گی۔