لاہور کالج برائے خواتین یونیورسٹی میں ہاکی اور فٹبال کی پراونشل لیگز کی اختتامی تقریب

07-22-2023

(لاہور نیوز) پرائم منسٹرز یوتھ پروگرام کے تحت لاہور کالج برائے خواتین یونیورسٹی میں ہاکی اور فٹبال کی پراونشل لیگز کی اختتامی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔

تقریب میں وزیراعظم کی معاون خصوصی شیزا فاطمہ خواجہ نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ پرائم منسٹر یوتھ پروگرام کے تحت پورے ملک میں ٹیلنٹ ہنٹ کیا گیا جس میں نوجوان ٹیلنٹ کی کھوج کی گئی۔ آگے آنے والی کھلاڑیوں کو محکموں میں میرٹ پر نوکریاں دی جائیں گی اور انہیں حکومت معاونت بھی فراہم کرے گی۔ ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام میں 57 ہزار کھلاڑیوں نے شرکت کی۔ تقریب سے خطاب میں شیزا فاطمہ کا کہنا تھا کہ مجھے بہت خوشی ہے کہ وزیراعظم کا ویژن پورا ہو گیا۔ شہباز شریف نے آتے ساتھ ہی سب سے پہلے سپورٹس کے ڈیپارٹمنٹس کو بحال کیا۔ تقریب سے ایم این اے شائستہ پرویز ملک نے بھی خطاب کیا جس میں ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم شہباز شریف کا سپورٹس پروگرام قابل ستائش ہے۔ مجھے فخر ہے کہ میں ایسی پارٹی سے ہوں جس نے ہمیشہ یوتھ کا سوچا۔ تقریب میں وائس چانسلر لاہور کالج یونیورسٹی ڈاکٹر شگفتہ ناز، حنا پرویز بٹ ، یونیورسٹی انتظامیہ اور طلبہ و طالبات کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ تقریب کے اختتام پر  ٹاپ بہترین کھلاڑیوں میں میڈلز اور انعامات بھی تقسیم کیے گئے۔