پی ڈی ایم اے نے بارش سے ہونے والے جانی نقصانات کی تفصیل جاری کر دی

07-22-2023

(لاہور نیوز) پی ڈی ایم اے نے بارش کے دوران گزشتہ 24 گھنٹوں میں ہونے والے جانی نقصان کی تفصیلات جاری کر دیں۔

ترجمان پی ڈی ایم اے نے بتایا ہے کہ بارش اور سیلابی صورتحال سے پنجاب میں 4 افراد جاں بحق اور 8 زخمی ہوئے ہیں، تمام ہلاکتیں لاہور، گوجرانوالہ، منڈی بہاؤالدین اور فیصل آباد میں ہوئی ہیں، جاں بحق ہونے والوں میں 3 خواتین اور ایک بچہ شامل ہے، بارش سے پانچ گھروں کی چھتیں بھی متاثر ہوئیں۔ پی ڈی ایم اے نے عوام سے اپیل کی ہے کہ ندی نالوں کے قریب نقل و حمل سے گریز کریں، بچوں کو دریا اور نہروں میں نہانے سے روکنا باہمی فریضہ ہے، بچوں کو نشیبی علاقوں میں کھڑے پانی سے بھی دور رکھیں، بجلی کے کھمبوں اور تاروں کو چھونے سے اجتناب کریں۔ ترجمان نے مزید کہا ہے کہ پی ڈی ایم اے اور ضلعی انتظامیہ کی ہدایات پر عمل درآمد سے نقصان سے بچا جا سکتا ہے، ریسکیو ٹیمیں اور انتظامیہ 24 گھنٹے الرٹ ہیں، عوام خستہ حال عمارتوں میں رہائش اختیار نہ کریں، کسی بھی ایمرجنسی میں متعلقہ انتظامیہ کو فوری اطلاع دیں۔