راوی پر تمام قسم کی سرگرمیوں پر پابندی عائد، دفعہ 144 نافذ

07-22-2023

(لاہور نیوز) حالیہ بارشوں کے پیش نظر ضلعی انتظامیہ کو بھی بالآخرخیال آگیا ، دریائے راوی کے کناروں اور بارشی پانی میں نہانے پر دفعہ 144 نافذ کر دی۔

ضلعی انتظامیہ کی جانب سے جاری مراسلے میں شہریوں کو خبردار کیا گیا ہے کہ لاہور کے باسی  دریائے راوی کے کناروں سے دور رہیں، راوی کے اطراف میں ہر قسم کی سرگرمیوں پر پابندی عائد کرتے ہوئے دفعہ 144 کا نفاذ کیا گیا ہے۔ مراسلے کے مطابق شہریوں کو دریا پر نہانے، کشتی  رانی یا کسی بھی مقصد کے لیے جانے سے منع کیا گیا ہے، کسی بھی قسم کی تفریحی یا کاروباری سرگرمی کے لیے بھی  دریا کے قریب جانا ممنوع قرار دیا گیا ہے۔ ضلعی انتظامیہ نے شہریوں  کو بچوں پر کڑی نظر رکھنے،دریا میں نہانے جانے یا کھیلنے سے روکنے کی ہدایت کی ہے، دریا کنارے بسنے والے خاندانوں کو جانوروں سمیت محفوظ مقام پر منتقل  ہونے کی اپیل کی گئی ہے۔ ڈی سی لاہور رافعہ حیدر کا کہنا ہے کہ مشکل کی گھڑی میں عوام کے تعاون سے ہی نقصان سے بچا جا سکتا ہے، ضلعی انتظامیہ کسی بھی ہنگامی صورت حال سے نمٹنے کے لیے تیار ہے۔