وزیراعلیٰ پنجاب کی بارش کے دوران بہترین کارکردگی پر انتظامیہ کو شاباش

07-22-2023

(لاہور نیوز) نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے بارش کے دوران بہترین کارکردگی پر واسا اور ضلعی انتظامیہ کو شاباش دی ہے۔

محسن نقوی نے اسلام پورہ کا دورہ کیا اور نکاسی آب کے عمل کا جائزہ لیا، وزیراعلیٰ پنجاب نے بروقت نکاسی آب پر واسا حکام اور ضلعی انتظامیہ کو شاباش دی، وزیراعلیٰ نے واسا ورکرز سے ہاتھ ملایا اور ان کی حوصلہ افزائی کی۔ اسلام پورہ کے اہل علاقہ نے دورے پر نگران وزیراعلیٰ پنجاب کا شکریہ ادا کیا، ایک بزرگ سائل نے رکشہ چوری ہونے پر وزیراعلیٰ سے شکایت کی جس پر محسن نقوی نے متعلقہ پولیس سٹیشن کے حکام کو بزرگ شہری کا رکشہ فوری برآمد کرنے کی ہدایت کی۔ نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی کا کہنا تھا کہ لاہور میں صرف 5 گھنٹے میں 203 ملی میٹر بارش ہوئی، شہر میں 95 فیصد جمع ہونے والے پانی کو نکالنے میں واسا اور ضلعی انتظامیہ کی شاندار کاوشیں قابل تعریف ہیں، یہ وہ پوائنٹ تھا جہاں سے 8 گھنٹوں تک پانی نہیں نکلتا تھا، انتظامیہ اور واسا کے حکام کی مسلسل کوشش سے اسلام پورہ کو کلیئر کیا گیا ہے۔