سرفراز احمد کو دوسرے ٹیسٹ میچ میں رنز کرنا ہوں گے، راشد لطیف

07-22-2023

(ویب ڈیسک) قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان راشد لطیف نے کہا کہ سرفراز احمد کو سری لنکا کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میچ میں رنز کرنا ہوں گے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے راشد لطیف نے کہا کہ محمد رضوان ون ڈے کرکٹ اچھی کھیلتے ہیں، پی سی بی کا نظام کرکٹرز کو ہی چلانا چاہیے، پاکستان کرکٹ کو کیسے بہتر کرنا ہے یہ ایک کرکٹر ہی بتا سکتا ہے۔ راشد لطیف نے کہا کہ بورڈ میں ہر کوئی اپنے مفاد کے لئے آتا ہے، پاکستان کرکٹ کی بھلائی کیلئے نہیں، ایشیا کپ میں پی سی بی بات کر سکتا ہے ورلڈ کپ کے لئے نہیں۔ سابق کپتان  نے کہا کہ ورلڈ کپ آئی سی سی کا ایونٹ ہے، پاکستان ٹیم کے جانے پر حکومت کی ابھی تک میٹنگ نہیں ہوئی، پاکستان ٹیم کو بھارت جانا ہو گا ورنہ چیمپئنز ٹرافی کا نقصان ہو جائے گا۔