محسن نقوی کی بادشاہی مسجد میں نبی پاکؐ کے تبرکات بہتر جگہ پر رکھنے کی ہدایت
07-22-2023
(لاہور نیوز) نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے بادشاہی مسجد کا ہنگامی دورہ کیا، محسن نقوی نے نبی پاک ﷺ سے منسوب تبرکات کو بہترین شوکیسز میں رکھنے کی ہدایت کی ہے۔
وزیراعلیٰ محسن نقوی نے بادشاہی میں رکھے گئے نبی پاک ﷺ سے منسوب تبرکات کی زیارت کی اور انہیں محفوظ اور بہترین شوکیسز میں منتقل کرنے کا حکم دیا، وزیراعلیٰ نے تبرکات کی جگہ کو بہتر بنانے کے لیے چار رکنی کمیٹی بھی تشکیل دے دی، کمیٹی میں کمشنر لاہور، سیکرٹری سی اینڈ ڈبلیو، سیکرٹری اوقاف اور سیکرٹری آرکیالوجی شامل ہیں۔ محسن نقوی نے کہا کہ تبرکات مقدسہ کو جن شو کیسز میں رکھا گیا وہ باکس بالکل ناکارہ ہو چکے ہیں، رسول پاک ﷺ کے عصہ، دستار مبارک اور دیگر تبرکات کو بہترین شو کیسز میں رکھا جانا چاہیے، فوری طور پر تبرکات کو رکھنے کی جگہ کو بین الاقوامی معیار کا بنایا جائے ۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ہم خوش قسمت ہیں کہ ہمارے پاس اتنے مقدس تبرکات ہیں، یہی اگر کسی اور ملک میں ہوتے تو ہم وہاں زیارت کے لیے جاتے۔ وزیر اعلی نے مسجد کے صحن سے گیلے ناکارہ کارپٹ بھی تبدیل کرنے کا حکم دیا۔