موسلادھار بارش نے لاہور کی ایک اور سڑک کو شگاف زدہ کردیا

07-22-2023

(لاہور نیوز) بارش نے شہر کی ایک اور سڑک کو شگاف زدہ کر دیا، کینال روڈ پر مسلم ٹاؤن کے قریب سڑک پر تین شگاف پڑ گئے، سڑک کو ٹریفک کے لئے بند کر دیا گیا، شہر کے زیر تعمیر تین منصوبہ جات بھی زیر آب آگئے۔

تیز بارش شفافیت کے دعوؤں کو بھی بہا کر لے گئی، شہر لاہور کی مرکزی شاہراہ کینال روڈ شگاف زدہ ہوگئی، کینال روڈ پر مسلم ٹاؤن انڈر پاس سے ملحقہ سڑک پر سیوریج لائن ٹوٹنے سے شگاف پڑے، واسا کی جانب سے مرکزی شاہراہ کینال روڈ کو جزوی طور پر بند کر دیا گیا، بارش کی وجہ سے تاحال شگاف کی مرمت کے لیے امدادی کارروائیاں شروع نہیں ہوسکیں۔ ادھر طوفانی سپیل نے حکومتی خوابوں کو بھی ڈبو دیا، بارش سے سمن آباد انڈر پاس زیر آب آگیا، بیرل میں تاحد نگاہ پانی ہی پانی نظر آیا، ایل ڈی اے کے ایک ہفتے میں انڈر پاس کو کھولنے کےمنصوبے پر ایک بار پھر پانی پھر گیا۔ دوسری جانب شاہدرہ ملٹی لیول گریڈ سیپریشن پراجیکٹ بھی بارشی پانی میں ڈوب گیا، شاہدرہ پراجیکٹ کے لیے کی گئی گہری کھدائیاں اب دریا کا منظر پیش کر رہی ہیں، ایل ڈی اے نے شاہدرہ پراجیکٹ پانی سے بھر جانے کے سبب حفاظتی شیٹ لگا کر علاقے کو بند کر دیا۔ اکبر چوک فلائی اوور منصوبہ بھی بارشی پانی کی بھینٹ چڑھ گیا، زیرتعمیر اکبر چوک فلائی اوور پر ہر جانب بارشی پانی جمع رہا، شہر میں موسلادھار طوفانی بارش کے بعد میگا پراجیکٹس پر تعمیراتی کام بند کر دیا گیا ہے۔ ایل ڈی اے انتظامیہ کا کہنا ہے کہ بارش تھمنے کے بعد ہی نکاسی آب آپریشن شروع کر دیا گیا ہے جس کے بعد تعمیراتی کام دوبارہ شروع کر دیا جائے گا۔