محرم انتظامات، اربن فلڈنگ کا خدشہ، ضلعی افسران و ملازمین کی چھٹیاں منسوخ

07-22-2023

(لاہور نیوز) محرم الحرام انتظامات، بارشوں اور اربن فلڈنگ کے خدشے کے پیش نظر ڈی سی لاہور رافعہ حیدر نے تمام افسران و ملازمین کی چھٹیاں منسوخ کردیں۔

ڈی سی لاہور کیجانب سے انتظامی افسران کو ہفتے کے 7 دن اور 24 گھنٹے ڈیوٹی کا پابند کیا گیا ہے اور تمام افسران و ملازمین کی چھٹیوں کی منسوخی کا نوٹی فیکیشن جاری کیا گیا ہے۔ رافعہ حیدر نے کہا ہے کہ ہنگامی حالات کے پیش نظر افسران و ملازمین کی چھٹیاں منسوخ کی گئی ہیں،  تمام انتظامی افسران فیلڈ میں موجود، زمینی حقائق پر نظر رکھیں۔ انہوں نے کہا کہ تمام افسران کے موبائل فون 24 گھنٹے کھلے اور دستیاب رہیں، ہنگامی حالات میں کسی قسم کی غفلت یا لاپرواہی برداشت نہیں کی جائے گی، افسران  محرم جلوس روٹس کے دورے کریں، بارشی پانی کھڑا نہ ہونے دیں۔ ڈپٹی کمشنر لاہور نے کہا کہ ایل ڈبلیو ایم سی فیلڈ میں صفائی ستھرائی کو ہر صورت یقینی بنائے، کسی بھی ہنگامی صورتحال میں بروقت ریسکیو آپریشن شروع ہونا چاہیے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ریلیف کیمپس مکمل فعال رکھے جائیں، افسران و ملازمین کیمپس میں موجود ہوں، ڈی سی لاہور نے شہریوں سے اپیل کی کہ شہری راوی کنارے ہرگز نہ جائیں اور بجلی کی تاروں اور دیواروں سے دور رہیں۔