صوبائی وزیر عامر میر کا شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ،نکاسی آب کا جائزہ لیا

07-22-2023

(لاہور نیوز) نگران وزیراطلاعات پنجاب عامر میر نے بارش کے دوران لاہور کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا اور بارش سے پیدا ہونیوالی صورتحال کا جائزہ لیا اور موقع پر احکامات جاری کیے۔

عامر میر نے شدید بارش میں نکاسی آب کی سرگرمیوں کا جائزہ لیا، نگران صوبائی وزیر ہاؤسنگ اظفر علی ناصر بھی عامر میر کے ہمراہ بارش کی صورتحال کا جائزہ لینے پہنچے، صوبائی وزراء نے گارڈن ٹاون، جیل روڈ، ڈیوس روڈ ، لکشمی چوک، لوئر مال، فیروز پور روڈ ، قذافی سٹیڈیم، کلمہ چوک اور دیگر علاقوں کا دورہ کیا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے صوبائی وزیر عامر میر نے کہا کہ انتظامیہ کے بروقت اقدامات سے بارش کے بعد لاہور کے بیشتر علاقوں سے پانی نکال دیا گیا ہے، شہر کے چند نشیبی علاقوں میں جمع بارش کا پانی نکالا جا رہا ہے، واسا اور دیگر محکموں کا عملہ شہر بھر میں نکاسی آب کا کام احسن انداز میں کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا ایم ڈی واسا اوردیگر متعلقہ افسران فیلڈ میں نکاسی آب کی سرگرمیوں کا خود جائزہ لینے کے لئے موقع پر موجود ہیں، لکشمی چوک اور دیگر علاقے بارش کے پانی سے کلیئر کر دیے گئے ہیں، آئندہ چند گھنٹوں میں لاہور کے تمام علاقوں سے بارش کا پانی نکال دیا جائے گا، تمام متعلقہ محکموں کو چوبیس گھنٹے الرٹ رہنے کی ہدایات ہیں۔