اُستاد اللہ بخش کی پینٹنگز نے الحمرا آرٹ میوزیم کی رنگینیوں میں اضافہ کر دیا

07-22-2023

(لاہور نیوز) اُستاد اللہ بخش کی سو سال قبل بنائی ہوئی چار پینٹنگز نے الحمرا آرٹ میوزیم کی رنگینیوں میں اضافہ کر دیا۔

اُستادوں کے اُستاد کہلائے جانے والے اُستاد اللہ بخش کو مصور فطرت بھی کہا جاتا ہے۔ سو سال پہلے اِن کی بنائی ہوئی چار شاندار پینٹنگز کو الحمرا آرٹ میوزیم کا حصہ بنایا گیا ہے۔ اِن میں مہا بھارت کے عنوان سے بنائی گئی اُستاد اللہ بخش کی مشہورزمانہ پینٹنگ کے ساتھ پہاڑوں کے فطری حسن کی عکاسی کرتا ہوا ایک فن پارہ بھی شامل ہے۔ یہ دونوں فن پارے اُستاد اللہ بخش کے بہترین شاہکار سمجھے جاتے ہیں۔ سو سال پہلے اُستاد اللہ بخش نے پنجاب کی مشہور رومانوی داستانوں کے کرداروں کو بھی انتہائی شاندار انداز میں پینٹ کیا تھا۔ اِسی تخیل کے دو شاندار کرداروں ہیر رانجھا اور سوہنی مہینوال کو بھی بصورت پینٹنگز الحمرا آرٹ میوزیم میں آویزاں کیا گیا ہے۔ بلاشبہ اِن چاروں پینٹنگز کو مصور کے مصورانہ تخیل کا شاندار نمونہ قرار دیا جا سکتا ہے۔