ڈی آئی جی شارق جمال کی نماز جنازہ ادا، پولیس افسران کی شرکت

07-22-2023

(لاہور نیوز) پنجاب پولیس کے ڈی آئی جی شارق جمال کی نماز جنازہ اچھرہ میں ادا کر دی گئی جس میں پولیس کے اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔

نماز جنازہ میں ڈی آئی جی آپریشنز لاہور علی ناصر رضوی، ایڈیشنل آئی جی آپریشنز پنجاب شہزادہ سلطان، ڈی آئی جی لوجسٹک پنجاب اطہر اسماعیل اور ڈی آئی جی امین بخاری شریک ہوئے۔ اس کے علاوہ نماز جنازہ میں ڈی آئی جی شارق جمال کے رشتہ داروں، دوست احباب سمیت دیگر افراد نے شرکت کی۔ خیال رہے جمعہ اور ہفتہ کی درمیانی شب پنجاب پولیس کے ڈی آئی جی شارق جمال ڈیفنس میں واقع فلیٹ میں پراسرار طور پر مردہ پائے گئے، شارق جمال کو نیشنل ہسپتال لایا گیا جہاں ڈاکٹرز نے ان کی موت کی تصدیق کردی۔ ابتدائی پوسٹ مارٹم رپورٹ میں ڈی آئی جی شارق جمال کی موت کی مصدقہ وجوہات سامنےنہیں آسکیں۔