ترقیاتی کاموں کی بجٹ تجاویز شعبہ فنانس کو ارسال

07-22-2023

(لاہور نیوز) شعبہ انجینئرنگ نے ترقیاتی کاموں کی بجٹ تجاویز شعبہ فنانس کو ارسال کر دیں۔

ایل ڈی اے نے مالی سال 2023ء-24 کی بجٹ تجاویز تیار کر لیں۔ شعبہ انجینئرنگ نے ترقیاتی کاموں کی بجٹ تجاویز شعبہ فنانس کو ارسال کر دیں۔ ایل ڈی اے نے ذاتی وسائل سے ایک ارب 67 کروڑ روپے کا تخمینہ لگایا ہے۔ لاہور نیوز کو موصول دستاویزات کے مطابق ایل ڈی اے مالی سال میں ذاتی وسائل سے کوئی میگا پراجیکٹ شروع نہیں کرے گا۔ ایل ڈی اے خزانے میں محدود رقم کے سبب میگا پراجیکٹ کا پلان منسوخ کیا گیا۔ ایل ڈی اے بلڈنگز، دفاتر اور املاک کی مرمت و بحالی کیلئے 27 کروڑ 80 لاکھ روپے کا تخمینہ ہے۔ ایل ڈی اے بلڈنگ کی مرمت کیلئے 6 کروڑ روپے کا تخمینہ ہے۔ ایل ڈی اے کمپلیکس کی مرمت کیلئے ایک کروڑ روپے رکھے گئے ہیں۔ ایل ڈی اے سکیموں میں الیکٹرسٹی ورک کیلئے ایک کروڑ 80 لاکھ روپے کا تخمینہ ہے۔ شہر میں جاری ایمرجنسی ورکس کو نمٹانے کیلئے 31 کروڑ 16 لاکھ روپے رکھے گئے ہیں۔ نئے ایمرجنسی ورکس کیلئے ایک ارب روپے بجٹ میں مختص کرنے کی تجویز ہے۔ بیوٹیفکیشن آف لاہور کیلئے سات کروڑ 91 لاکھ روپے کا تخمینہ لگایا گیا ہے۔ ایل ڈی اے گورننگ باڈی اجلاس میں بجٹ کی منظوری لی جائے گی۔