الیکشن میں عوام نے جو فیصلہ کیا اسے تسلیم کریں گے: وزیراعظم

07-22-2023

(ویب ڈیسک) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ الیکشن کی آمد آمد ہے اور الیکشن میں عوام جوفیصلہ کریں گے اس پر سر تسلیم خم کریں گے۔

وزیراعظم شہبازشریف نے شرقپور میں ترقیاتی منصوبوں کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نوازشریف کوپاکستان کی ترقی وخوشحالی کا معمارکہتا ہوں ، پاکستان کوترقی وخوشحالی کےراستے پر لے جانے کا سہرا نواز شریف کے سر ہے، پاکستانیو!  یاد رکھنا جس نے پاکستان کوایشین ٹائیگربنانےکا منصوبہ بنارکھا تھا، بدقسمتی سےترقی وخوشحالی کا سفر2018میں ختم کردیا گیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ یہ پاکستان کی ترقی وخوشحالی کےخلاف بہت بڑی سازش تھی، گزشتہ ساڑھے چارسال ضائع کردیئےگئے، اگرنوازشریف کی حکومت ہوتی توپاکستان ترقی کررہا ہوتا، گزشتہ حکومت میں ساری ترقی رک گئی ۔  پی ٹی آئی چیئرمین نےکہا تھا 90دن میں300ارب ڈالرلاؤں گا، اگر300ارب ڈالرآجاتے تو ہم آئی ایم ایف کی منتیں نہ کررہےہوتے۔ وزیراعظم شہبازشریف نے گزشتہ حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ چور،ڈاکو کہتےرہے ایک دھیلا پاکستان نہیں آیا، القادریونیورسٹی 190ملین پاؤنڈ کا سکینڈل ہے ، پاکستان کوتباہی کی طرف لیجایا گیا، برطانیہ کی حکومت نےکہا یہ پیسہ پاکستان کی عوام کا ہے، پچاس ارب پاکستان کےخزانےمیں جانےکےبجائےسپریم کورٹ کےاکاؤنٹ میں چلاگیا۔ انہوں نے کہا کہ قوم کی دولت کوگزشتہ چارسالوں میں لوٹا گیا، چینی، گندم کے سکینڈل میں پاکستان کےکھربوں لٹ گئے، یہ ہیں وہ معاملات جن پرٹھنڈے دل سےسوچ کرالیکشن میں فیصلہ کرنا ہے، 2013سے 2018تک ہم نےخدمت کی، مشکل وقت میں سعودی عرب،متحدہ عرب امارات اور چین چٹان کی طرح کھڑے رہے۔ ان کا کہنا تھا کہ مجھے بعض اوقات رات کونیند نہیں آتی تھی کہیں پاکستان ڈیفالٹ نہ کرجائے، اللہ نےکرم کیا اورہمیں ڈیفالٹ سےبچایا ، اب یقین سےکہہ سکتا ہوں پاکستان درست سمت میں آچکا ہے، الیکشن کےبعد کس کوحکومت ملےگی اللہ کوپتا ہے، اگراللہ نےہمیں موقع دیا توجان لڑادیں گےکھویا ہوا مقام ضروردلوائیں گے ۔  وزیراعظم نے کہا کہ جب لیپ ٹاپ دیتا تو چیئرمین پی ٹی آئی مجھ پر رشوت دینےکا الزام لگاتا تھا، لیپ ٹاپ دیئےکسی بچے کوکلاشنکوف نہیں دی، اللہ نےموقع دیا توپورے پاکستان میں لیپ ٹاپ کا جال بچھادیں گے۔ وزیراعظم  نے معاشی صورتحال پر بات کرتے ہوئے کہا کہ کوئی شک نہیں غریب مہنگائی کی چکی میں پس چکا ہے مگر مہنگائی جادو،ٹونوں سےنہیں مسلسل محنت سےختم ہوگی، مہنگائی کا دورجلد ختم ہوگا۔ وزیراعظم شہبازشریف نے کہا کہ اب وقت آگیا ہےآئی ایم ایف کے پاس قیامت تک نہ جائیں، پاکستان عظیم ملک بنےگا مجھ سمیت جج،جرنیل،بیوروکریٹس سب کومحنت کرنا ہوگی، سڑکیں،پل،مدارس،ہسپتال تبھی بنیں گےجب قومی خزانےمیں پیسہ ہوگا۔ ان کاکہنا تھا کہ ہم نےمعاشی بحالی کا پروگرام بنایا ہے،زرعی ترقی ہوگی توپاکستان بہت تیزی سےترقی کرےگا۔