صبا قمر خاموشی سے رشتہ ازدواج میں بندھنے کی خواہاں

07-22-2023

(ویب ڈیسک) پاکستان شوبز انڈسٹری کی نامور و خوبرو اداکارہ صبا قمر نے کہا ہے کہ انہیں خاموشی سے رشتہ ازدواج میں بندھنے کا بہت شوق ہے۔

اداکارہ صبا قمر نجی ٹی وی شو میں شریک ہوئیں جہاں انہوں نے اپنے کیریئر اور شادی کے حوالے سے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ صبا نے شادی کا عندیہ دیتے ہوئے کہا میں کسی کے لیے آلو قیمہ بنانا سیکھ رہی ہوں، مداحوں اور میڈیا کو جلد معلوم ہو جائے گا کہ میں کس کے لیے سیکھ رہی ہوں، میری زندگی میں ایک شخص ہے جس کے بارے میں جلد سب کو پتہ چل جائے گا۔ ہاتھوں پر مہندی سجانے اور شادی کے حوالے سے سوال پر صبا قمر نے شرماتے ہوئے شرارتی انداز میں بتایا کہ جلد ہی وہ دن آئے گا جس کا لوگوں کو انتظار ہے، اکثر سوچتی ہوں کہ خاموشی سے شادی کرکے انسٹاگرام پوسٹ کے ذریعے مداحوں کو بتاؤں کہ میں رشتہ ازدواج میں بندھ چکی ہوں۔ انہوں نے مزید کہا کہ سوچتی ہوں کہ خاموشی سے شادی کرنے کے بعد دوستوں اور رشتے داروں کے لیے پارٹی کا اہتمام کروں، شادی میں اپنے قریبی دوستوں اور اہل خانہ کو دیکھنا چاہتی ہوں اور شادی کا اعلان کرنے کے بعد میڈیا میں تقریبات کی ویڈیوز جاری کروں گی۔