محسن نقوی کا شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ، بارش کے بعد کی صورتحال کا جائزہ

07-22-2023

(لاہور نیوز) نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے لاہور کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا اور بارش سے پیدا ہونیوالی صورتحال کا جائزہ لیا۔

محسن نقوی نے قذافی سٹیڈیم، مین بلیوارڈ گلبرگ، گارڈن ٹاؤن، ماڈل ٹاؤن اور دیگر علاقوں کا معائنہ کیا اور نکاسی آب کے عمل کا جائزہ لیا، محسن نقوی نے انتظامیہ اور واسا حکام کو نکاسی آب کا کام جلد مکمل کرنے کیلئے ہدایات دیں۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ محسن نقوی نے کہا کہ نکاسی آب کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں، ڈی واٹرنگ پمپس کی تعداد میں اضافہ کیا جائے، شہریوں کی مشکلات کے ازالے کیلئے افسران خود فیلڈ میں رہیں۔  محسن نقوی نے چیف ٹریفک آفیسر کو بھی فیلڈ میں موجود رہنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ٹریفک رواں دواں رکھنے کیلئے تمام ضروری اقدامات کئے جائیں، شہریوں کی مدد کیلئے ٹریفک وارڈن فیلڈ میں فعال انداز میں فرائض سرانجام دیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ  بارشی پانی میں پھنسی گاڑیوں کو فوری نکالا جائے اور شہریوں کی مدد میں کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے۔