اسلام آباد، لاہور، کراچی ایئرپورٹس کو آؤٹ سورس کرنے کا فیصلہ

07-21-2023

(لاہور نیوز) حکومت نے اسلام آباد، لاہور اور کراچی ایئرپورٹس کو آؤٹ سورس کرنے کا فیصلہ کر لیا۔ پہلے اسلام آباد ایئرپورٹ کو آؤٹ سورس کیا جائے گا۔

ذرائع کے مطابق اسلام آباد ایئرپورٹ آؤٹ سورس کرنے کی تیاری شروع کر دی گئی، موجودہ حکومت کے خاتمے سے قبل ٹینڈر جاری کر دیا جائے گا، ٹینڈر بین الاقوامی اخبارات میں جاری کیا جائے گا، آؤٹ سورسنگ کے لئے کمیٹی نے عملی اقدامات شروع کر دئیے۔ دوسرے مرحلے میں لاہور اور کراچی ایئرپورٹس کو آؤٹ سورس کیا جائے گا، سکردو ایئرپورٹ کو بھی آؤٹ سورس کرنے پر غور کیا جائے گا ۔ ذرائع کے مطابق کامیاب بولی دہندہ کمپنی ایئرپورٹ کے اندر سہولیات میں اضافہ کی ذمہ دار ہو گی، کمپنی عالمی برانڈز اور ڈیوٹی فری دکانیں کھولنے کا اہتمام کرے گی، کامیاب بولی دہندہ کمپنی ایئرپورٹ کی عمارت کی تزئین و آرائش، مرمت و صفائی سمیت تمام امور کی ذمہ دار ہو گی۔ اسلام آباد ایئرپورٹ پر سالانہ 90 لاکھ مسافروں کو ہینڈل کرنے کی صلاحیت ایک کروڑ 30 لاکھ تک بڑھائی جائے گی، ایئرپورٹ سکیورٹی اور ایئر ٹریفک کنٹرولر کے شعبے سول ایوی ایشن کے پاس ہی رہیں گے۔