نیب لاہور کا ہر ماہ کھلی کچہری کے انعقاد کا اعلان

07-21-2023

(لاہور نیوز) قومی احتساب بیورو (نیب) لاہور نے ہر ماہ عوامی مسائل کی شنوائی کیلئے کھلی کچہری کے انعقاد کا اعلان کیا ہے۔

نیب لاہور کی جانب سے جاری ایک اعلامیہ کے مطابق نیب لاہور آفس میں ہر ماہ کے آخری جمعہ کو متاثرین کی شنوائی کیلئے صبح 10 سے 12 بجے کے دوران کھلی کچہری کا انعقاد کیا جائے گا، ڈی جی نیب لاہور کھلی کچہری میں متاثرین کی شکایات خود سنیں گے اور دادرسی کیلئے فی الفور احکامات جاری کریں گے۔ نیب لاہور کی جانب سے مزید کہا گیا ہے کہ ڈی جی نیب لاہور نے شکایت کنندگان کو درخواستوں پر ہونیوالی پیش رفت سے آگاہ کرنے کے احکامات بھی جاری کئے ہیں۔ ڈی جی نیب لاہور کا کہنا ہے کہ چیئرمین نیب لیفٹیننٹ جنرل (ر) نذیر احمد کی سربراہی میں بدعنوان عناصر کیخلاف بھرپور اقدامات اٹھانے کیلئے کوشاں ہیں۔