شہر میں 1 ہزار سے زائد غیر قانونی پارکنگ سٹینڈز ٹریفک کیلئے وبال جان بن گئے

07-21-2023

(لاہور نیوز) شہر میں قائم ایک ہزار سے زائد غیر قانونی پارکنگ سٹینڈز لیگل کئے گئے اور نہ ہی بند کروائے جا سکے، پارکنگ سٹینڈز شہر کی ٹریفک کے لئے وبال جان بن گئے ۔

رپورٹ پر سیکرٹری  بلدیات پنجاب ڈاکٹر ارشاد برہم نے سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے  پارکنگ کمپنی کے افسران کو مانیٹرنگ کیمروں کے ذریعے فوری  کنٹرول روم فعال کر کے  آٹومیشن پر لانے کا حکم  دیا ہے۔ سپیشل برانچ کی  رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ شہر میں 216 رجسٹرڈ پارکنگ سٹینڈز بھی کمپیوٹرائزڈ  نہیں ہو سکے، پارکنگ کمپنی کے چار کروڑ روپے کا ماہانہ ہدف پورا نہیں ہو سکا،پارکنگ کمپنی  کے خلاف جعلی پرنٹ شدہ بُکس کے ذریعے ٹوکن وصولی کی بھی ہزاروں شکایات سامنے آئی ہیں، سیکرٹری بلدیات پنجاب نے کمپنی میں کرپشن کے معاملات پر شدید تحفظات کا اظہار کیا ہے۔ شہر میں غیر قانونی پارکنگ سٹینڈز سرکاری و  پرائیویٹ پلاٹس میں چلائے جا رہے ہیں، شالامار ،عزیز بھٹی ،گلبرگ ،سمن آباد زونز میں 400 غیر قانونی پارکنگ سٹینڈز موجود ہیں، داتا گنج بخش زون میں 100 ،راوی زون 110،نشتر زون 200 ،علامہ اقبال زون میں بھی 200 غیر قانونی پارکنگ سٹینڈز کی موجودگی کا انکشاف ہوا ہے۔  رپورٹ کے مطابق  زون ٹو میں واقع 45 پارکنگ سٹینڈز سے ٹوکن فیس آمدن بھی مکمل نہیں کی جا سکی، اس حوالے سے سیکرٹری بلدیات  ڈاکٹر ارشاد احمد کا کہنا ہے کہ غیر قانونی پارکنگ سٹینڈز کے خلاف کریک ڈاؤن کیا جائے۔