شہر میں جیب تراش گینگ سرگرم، وارداتوں میں خوفناک حد تک اضافہ

07-21-2023

(لاہور نیوز) صوبائی دارالحکومت میں جیب تراش گینگ بے قابو ہوگیا، جیب تراشی کی وارداتوں نے شہریوں کو پریشان کر کے رکھ دیا۔

لاہور نیوز کو موصول ہونیوالی رپورٹ کے مطابق رواں سال کے پہلے چھ ماہ کے دوران شہر میں جیب تراشی کی 10 ہزار 766 وارداتیں رپورٹ ہوئیں،  شہری لاکھوں روپے مالیت کی نقدی اور قیمتی موبائل فونز سے محروم کر دیے گئے۔ سٹی ڈویژن جیب تراشی کی وارداتوں میں پہلے نمبر پر رہا جہاں پر چھ ماہ میں چار ہزار 111 وارداتیں رپورٹ ہوئیں، دوسرے نمبر پر صدر ڈویژن رہا جہاں پر 1910 وارداتیں رپورٹ ہوئیں، تیسرے نمبر پر سول لائن ڈویژن رہا جہاں پر 1511 وارداتیں رپورٹ ہوئیں۔ چوتھے نمبر پر ماڈل ٹاؤن ڈویژن رہا جہاں پر 1196، پانچویں نمبر پر اقبال ٹاؤن ڈویژن جہاں 1165  اور کینٹ ڈویژن 873 وارداتوں کیساتھ چھٹے نمبر پر رہا۔  آئے روز جیب تراشی کی وارداتوں سے شہری پریشان جبکہ لاہور پولیس ایسے متحرک گینگز کو پکڑنے میں بے بس ہو کر رہ گئی، سینکڑوں  درخواستوں کے تاحال مقدمات درج نہیں کیے جا سکے ۔