جعلی سوشل میڈیا اکاؤنٹس سے انور مقصود کو خطرہ، بیٹے نے خدشہ ظاہر کر دیا

07-21-2023

(ویب ڈیسک)سوشل میڈیا پر ملک کے نامور دانشور، مصنف، ٹی وی میزبان اور اداکار انور مقصود کے جعلی پیغامات گردش کرتے رہتے ہیں جن پر ان کے بیٹے بلال نے تشویش کا اظہار کیا ہے۔

پاکستان کی کئی نامور شخصیات کے جعلی سوشل میڈیا اکاؤنٹس ہیں جو ان کے لیے پریشانی کا باعث بنتے ہیں ایسی ہی ایک شخصیت ملک کے نامور دانشور، مصنف، ٹی وی میزبان اور اداکار انور مقصود کی ہے.   انور مقصود جو اپنے اکثر بیانات اور تقاریر میں سیاست دانوں اور اسٹیبلشمنٹ پر طنز کے تیر برساتے رہتے ہیں جن سے عام عوام کے ساتھ حس مزاح رکھنے والی شخصیات بھی محظوظ ہوتی ہیں تاہم کچھ عرصہ سے سوشل میڈیا بالخصوص ٹوئٹر پر اُن کے نام سے بننے والے جعلی اکاؤنٹس اور جعلی ٹویٹس اب ان کے بیٹے بلال مقصود کے لیے تشویش کا باعث بن گئی ہیں اور انہوں نے اس پر اپنی تشویش کا بھی اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس سے ان کے والد کو خطرہ ہے۔ بلال مقصود نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر والد انور مقصود کے ایک جعلی ٹوئٹ کا سکرین شاٹ شیئر کرتے ہوئے لکھا ہے کہ ’ایسی فیک ٹویٹس کی وجہ سے میرے والد کی زندگی خطرے میں پڑتی ہے۔ اس شخص (جس نے انور مقصود کے نام سے جعلی اکاؤنٹ بنایا ہوا ہے) نے مجھے پہلے سے ہی بلاک کیا ہوا ہے۔ براہ کرم کیا آپ سب اس کا اکاؤنٹ رپورٹ کر سکتے ہیں؟ ابو سوشل میڈیا پر کچھ بھی پوسٹ نہیں کرتے۔ اُن کے اصلی اکاؤنٹ سے صرف تین پوسٹس کی گئی ہیں۔ ہم نے اس وجہ سے اکاؤنٹ بنایا تاکہ ہم جعلی اکاؤنٹس کو رپورٹ کر سکیں۔‘   اس سے قبل 2020 میں انور مقصود نے اپنے ویڈیو پیغام میں بتایا تھا کہ ٹوئٹر پر ’اُن کا صرف ایک ہی اکاؤنٹ ہے۔‘