مفت آٹا سکیم میں مبینہ کرپشن کا معاملہ، نیب انکوائری تیز

07-21-2023

(ویب ڈیسک) رمضان المبارک کے دوران پنجاب میں مفت آٹا سکیم میں 20 ارب کی مبینہ کرپشن کے معاملے پر نیب نے ریکارڈ حاصل کر کے انکوائری تیز کردی ۔

قومی احتساب بیورو (نیب) نے پنجاب میں مفت آٹا سکیم انکوائری میں فلور ملز،ڈی سی،انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ اور محکمہ خوراک سے ریکارڈ حاصل کر لیا ہے، جس کے بعد نیب انویسٹی گیشن ٹیم نے مفت آٹا سکیم کے ریکارڈ کی جانچ پڑتال تیز کر دی ہے۔ نیب ذرائع کا کہنا ہے کہ قومی احتساب بیورو حاصل ریکارڈ کے ذریعے مفت آٹا اسکیم میں بے ضابطگیوں کی نشاندہی کرے گا، نیب انکوائری میں مفت آٹا سکیم میں تکنیکی اور انتظامی غلطیوں کا انکشاف ہوا ہے۔ ذرائع نے انکشاف کیا ہے کہ ضلعی انتظامیہ اور فلور ملز کے درمیان ڈیٹا ری کنسائل نہ ہونے کے سبب 50 لاکھ سے زائد آٹے کے تھیلے لاپتا ہیں، صرف 4 کروڑ 30  لاکھ 60 ہزار تھیلوں کا ڈیٹا ری کنسائل ہوا ہے، درست اعدادوشمار دستیاب نہ ہونے سے نیب کو تحقیقات میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ  نیب نے فلورملز کو جاری کی جانے والی گندم، آٹے کے تھیلوں  کی تعداد اور تقسیم کا ریکارڈ بھی حاصل کر لیا ہے، مفت آٹا سکیم کا ریکارڈ آڈیٹر جنرل نے نیب کو فراہم کر دیا ہے جسکے بعد نیب نے مفت آٹا حاصل کرنے والے افراد کی رینڈم ویری فکیشن کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ذرائع کا اس حوالے سے مزید کہنا ہے کہ پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کے مفت آٹا تقسیم کے ڈیٹا کے مطابق مفت آٹا لینے والے افراد کا انتخاب کر کے انہیں ایس ایم ایس ارسال کیے جائیں گے، مفت آٹا لینے والے افراد سے تصدیق کی جائے گی کہ 3 تھیلے وصول کیے ہیں یا نہیں۔