ایشیا کپ: انتظامات کیلئے پی سی بی کا وفد سری لنکا پہنچ گیا

07-21-2023

(ویب ڈیسک) ایشیا کپ کے انتظامات کو حتمی شکل دینے کیلئے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کا وفد سری لنکا پہنچ گیا ہے، وفد سری لنکا میں سکیورٹی اور آپریشنز کے معاملات فائنل کرے گا۔

پی سی بی کا وفد کینڈی اور کولمبو کے سٹیڈیم کا دورہ کرے گا جبکہ ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) کا وفد پہلے ہی سری لنکا میں موجود ہے۔ سری لنکا میں پی سی بی وفد ایشیا کپ انتظامات اور میچز کے انعقاد کیلئے اے سی سی حکام سے بھی  بات کرے گا۔ سری لنکا پہنچنے والے پی سی بی کے وفد میں سی ای او سلمان نصیر کے ساتھ لاجسٹک اور آپریشنز کے شعبوں کے افسران شامل ہیں جبکہ ڈائریکٹر انٹرنیشنل عثمان واہلہ، سکیورٹی ڈپارٹمنٹ کے کرنل خالد بھی وفد کا حصہ ہیں۔ یاد رہے کہ ایشیا کپ ایونٹ پاکستان میں 31 اگست سے شروع ہوگا جو کہ 17 ستمبر تک کھیلا جائے گا، ایونٹ میں پاکستان سمیت بھارت، سری لنکا، بنگلا دیش، افغانستان اور نیپال کی ٹیمیں حصہ لیں گی۔ ایشین کرکٹ کونسل کے مطابق ٹورنامنٹ ہائبرڈ ماڈل کے تحت کھیلا جائے گا، جس میں ایونٹ کے چار میچز پاکستان اور 9 میچز سری لنکا میں ہوں گے۔