اولمپک کوالیفائرکی میزبانی: پاکستان ہاکی فیڈریشن کی تیاریاں شروع

07-20-2023

(لاہور نیوز) پاکستان ہاکی فیڈریشن نے اولمپک کوالیفائرکی میزبانی کی تیاری شروع کر دی۔

ذرائع کے مطابق پاکستان ہاکی فیڈریشن کے سیکرٹری جنرل حیدر حسین نے وفد کے ہمراہ ایف آئی ایچ صدر طیب اکرام سے ملاقات کی، ملاقات میں انٹرنیشنل ٹیموں کی پاکستان آمد اور سکیورٹی کے امور پر بات چیت کی گئی۔ پی ایف ایچ کے سیکرٹری جنرل حیدر حسین کا کہنا تھا کہ کوریا، جاپان، ملائشیا اور عمان سمیت دیگر ممالک کی فیڈریشنز سے رابطے میں ہیں، ایف آئی ایچ ایونٹ سے پہلے پاکستان ٹیم کو مضبوط بنانے کے لئے کیمپ کا انعقاد ہو گا۔ واضح رہے کہ انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن (آئی ایچ ایف) نے پاکستان کو پہلی مرتبہ اولمپک ہاکی کوالیفائنگ راؤنڈ کی میزبانی سونپی ہے، آٹھ ممالک کی ٹیموں کے درمیان ایونٹ 13 سے 21 جنوری لاہور میں کھیلا جائے گا۔