اجلاس الاؤنس میں خورد برد کا کیس، محمد خان بھٹی کی درخواست ضمانت خارج
07-20-2023
(لاہور نیوز) اینٹی کرپشن عدالت میں پنجاب اسمبلی کے سپیشل اجلاس الاؤنس میں خورد برد کے کیس میں بڑی پیشرفت ہوئی ہے، عدالت نے سابق سیکرٹری پنجاب اسمبلی محمد خان بھٹی کی درخواست ضمانت خارج کر دی ۔
اینٹی کرپشن عدالت کے جج علی رضا اعوان نے سابق سیکرٹری پنجاب اسمبلی محمد خان بھٹی کی درخواست ضمانت پر سماعت کی۔ درخواستگزار کے وکیل امجد پرویز نے مؤقف اختیار کیا کہ محمد خان بھٹی کو ایک مقدمہ میں رہائی ملتی ہے تو دوسرے میں گرفتار کر لیا جاتا ہے، سیاسی بنیاد پر بوگس کیسز درج کئے جا رہے ہیں،ریکارڈ پرشواہد موجود نہیں ہیں، ایف آئی آر درج ہونے کے فوری بعد ملزم کی گرفتاری بھی غلط ہے۔ امجد پرویز نے مزید کہا ملزم محمد خان بھٹی 6 ماہ سے قید میں ہیں، ملزم کو سیاسی طور پر ہراساں کیا جا رہا ہے۔ فریقین کے دلائل کے بعد اینٹی کرپشن عدالت نے سابق سیکرٹری پنجاب اسمبلی محمد خان بھٹی کی درخواست ضمانت خارج کر دی۔ واضح رہے کہ محمد خان بھٹی نے جیل سے وکیل امجد پرویز کی وساطت سے ضمانت کی درخواست دائرکی، اس مقدمے میں سابق سیکرٹری کوآرڈی نیشن پنجاب اسمبلی رائے ممتاز بھی نامزدہیں، جن کی ضمانت پہلے خارج ہو چکی ہے۔