سائفر تحقیقات، ایف آئی اے نے چیئرمین پی ٹی آئی کو نوٹس وصول کروادیا

07-20-2023

(ویب ڈیسک) وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے سائفر کے حوالے سے تفتیش کے لیے پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین کو زمان پارک میں نوٹس وصول کروا دیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ایف آئی اے نے پی ٹی آئی سربراہ کو زمان پارک میں نوٹس وصول کروا دیا ہے، پی ٹی آئی چیئرمین کو طلبی کا نوٹس وفاقی تحقیقاتی ادارے کے سی ٹی ڈبلیو ونگ نے وصول کروایا۔ نوٹس کے مطابق جے آئی ٹی سابق وزیراعظم کی جانب سے سائفر لہرا کر قومی سلامتی اور ریاستی مفادات کو خطرات میں ڈالنے کے الزامات کی تحقیقات کر رہی ہے، طلبی کے نوٹس میں یہ واضح کیا گیا ہے کہ پیش نہ ہونے کی صورت میں قانون کےمطابق کارروائی کی جائے گی ۔ واضح رہے ایف آئی اے نے سربراہ تحریک انصاف کو جے آئی ٹی کے سامنے 25 جولائی کو دن 12 بجے ذاتی حیثیت میں پیش ہونے کی ہدایت کی ہے، چیئرمین پی ٹی آئی کو سائفر کی تحقیقات کے لیے ایف آئی اے ہیڈ کوارٹر میں طلب کیا گیا اور انہیں متعلقہ دستاویزات اور شواہد ساتھ لانے کی ہدایت کی گئی ہے۔