کمشنر لاہور کی زیر صدارت اجلاس، شہر کے ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ

07-20-2023

(لاہور نیوز) کمشنر لاہور محمد علی رندھاوا کی زیر صدارت خصوصی اجلاس ہوا جس میں لاہور کے ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ لیا گیا۔

کمشنر کی زیر صدارت ہونیوالے اجلاس میں ایڈیشنل کمشنر عبدالسلام عارف، اے ڈی سی آر لاہور عدنان رشید، چیف انجینئر ایل ڈی اے اسرار سعید، ایم ڈی واسا غفران احمد، چیف انجینئر ٹیپا اقرار حسین سمیت نیسپاک اور سی بی ڈی افسران نے  شرکت کی۔ اجلاس میں شہر کے  جاری ترقیاتی منصوبوں شاہدرہ فلائی اوور، سمن آباد انڈرپاس، اکبر چوک فلائی اوور کا جائزہ لیا گیا، خالد بٹ چوک انڈرپاس، گھوڑا چوک فلائی اوور اور بیدیاں روڈ پر انڈرپاس منصوبوں کے حوالے سے پیشرفت پر بریفنگ دی گئی۔ اجلاس میں خالد چوک انڈرپاس ، گھوڑا چوک فلائی اوور اور بیدیاں روڈ انڈر پاس کے ٹریفک مینجمنٹ پلان پر بھی بریفنگ دی گئی۔ کمشنر لاہور ڈویژن چودھری محمد علی رندھاوا نے کہا ہے کہ  شہر میں جاری ترقیاتی منصوبوں پر چوبیس گھنٹے کام جاری رکھا جائے، تمام منصوبے  دی گئی ڈیڈلائنز کیمطابق مکمل ہونگے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ٹریفک پولیس اور متعلقہ اداروں کے ساتھ مل کر ٹریفک کا مؤثر پلان ترتیب دیا جائے، منصوبوں کے آغاز سے قبل ڈائیورشن پلان اور ٹریفک مینجمنٹ پلان بارے ٹریفک پولیس کے ساتھ مل کر شہریوں کو آگاہی فراہم کی جائے۔