پاکستان پر بھاری جرمانہ ، قومی والی بال فیڈریشن نے معاملہ حکومت کیساتھ اٹھا دیا

07-20-2023

(لاہور نیوز) ایشین والی بال کنفیڈریشن (اے وی سی) نے پاکستان پر20 ہزار ڈالر جرمانہ عائد کر دیا، پاکستان والی بال فیڈریشن نے جرمانے سے متعلق وزارت خارجہ، وزارت بین الصوبائی رابطہ اور پاکستان سپورٹس بورڈ کو خط لکھ دیا۔

پاکستان والی بال فیڈریشن کے خط میں کہا گیا ہے کہ این او سی جاری نہ ہونے پر پاکستان پر جرمانہ عائد ہوا جس کی ادائیگی کیلئے فیڈریشن کے پاس فنڈز نہیں ہیں۔ خط میں کہا گیا کہ قومی والی بال ٹیم کو این او سی جاری کیا جاتا تو جرمانہ عائد نہ ہوتا، وفاقی حکومت جرمانہ کی اداٸیگی میں مدد کرے۔ دو روز قبل ایشین والی بال کنفیڈریشن (اے وی سی)  نے چیلنج کپ میں پاکستان والی بال ٹیم کی عدم شرکت کے باعث پاکستان پر 20 ہزار ڈالرز جرمانہ عائد کیا تھا۔ خط میں کہا گیا کہ وفاقی حکومت جرمانے کی ادائیگی میں مدد کرے، 20ہزار ڈالرز ادا نہ کیے تو عالمی کھیلوں میں شرکت نہیں کرسکیں گے۔ خط میں مزید کہا گیا کہ وفاقی حکومت چائنیز تائی پائی  میں منعقدہ ایونٹس کی پالیسی پر بھی نظرثانی کرے، چین اپنی ٹیم وہاں بھیج سکتا ہے تو پاکستان کیوں نہیں؟ انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی کی کھیلوں بارے بھی واضح پالیسی ہے۔ اے وی سی چیلنج کپ رواں ماہ چائنیز تائی پائی میں کھیلا گیا جبکہ یقین دہانی کے باوجود پاکستان ٹیم نے انٹرنیشنل ایونٹ میں شرکت نہیں کی۔ چیلنج کپ میں پاکستان، آسٹریلیا اور ویتنام کے ساتھ گروپ ای میں تھا ، وزارت خارجہ نے پاکستان والی بال ٹیم کو این او سی دینے سے انکار کیا تھا۔ قومی والی بال ٹیم 2016 میں بھی چائنیز تائی پائی  کے ایونٹ میں شرکت کرچکی ہے۔