پرویز الہٰی کی کیمپ جیل سے نامعلوم مقام پر منتقلی کا اقدام لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج

07-19-2023

(لاہور نیوز) سابق وزیر اعلی پنجاب چودھری پرویز الہیٰ کی کیمپ جیل سے نامعلوم مقام پر منتقلی کا اقدام لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کردیا گیا ۔

چودھری  پرویز الہٰی کی اہلیہ قیصرہ الہٰی نے  سابق وزیراعلیٰ  کی نامعلوم مقام پر منتقلی کیخلاف ہائیکورٹ میں درخواست دائر کی ہے، درخواست میں نگراں حکومت پنجاب سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا ہے ۔ درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ پرویز الہٰی کو تمام مقدمات میں ضمانت ملنے کے بعد نظر بند کردیا گیا ، پنجاب حکومت کو نظر بندی کے حوالے سے درخواست دی ، پنجاب حکومت نے تاحال پرویز الہٰی کی نظر بندی کی درخواست کا فیصلہ نہیں کیا ۔ یہ بھی پڑھیں: سابق وزیراعلیٰ پرویز الہٰی کیمپ جیل لاہور سے اڈیالہ جیل منتقل درخواست میں کہا گیا کہ نامعلوم افراد نے پرویز الہٰی کو کیمپ جیل سے نامعلوم مقام منتقل کردیا ہے ، پرویز الہٰی کو بازیاب کروا کر عدالت پیش کیا جائے۔ درخواست میں عدالت میں استدعا کی گئی کہ پرویز الہی کی نظر بندی کا اقدام کالعدم قرار دیا جائے اور پرویز الہٰی کو کسی بھی مقدمے میں گرفتار نہ کرنے کے احکامات جاری کیے جائیں۔