گورنر پنجاب سے چیئرمین پی سی بی کی ملاقات، کرکٹ امور پر تبادلہ خیال
07-19-2023
(لاہور نیوز) گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمان سے چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ منیجمنٹ کمیٹی چوہدری محمد ذکاء اشرف نے ملاقات کی، ملاقات میں کرکٹ کی بہتری کے حوالے سے بات چیت کی گئی۔
گورنر پنجاب نے چوہدری محمد ذکاء اشرف کو چیئرمین پی سی بی منیجمنٹ کمیٹی کا عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد دی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ گورنر پنجاب بلیغ الرحمان نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ امید ہے آپ کرکٹ کے فروغ کے لیے اپنی بہترین صلاحتیں بروئے کار لائیں گے۔ چوہدری محمد ِذکاء اشرف نے دوران گفتگو کرکٹ بورڈ کے معاملات بہتر طریقے سے چلانے کے عزم کا اظہار کیا۔ چیئرمین پی سی بی منیجمنٹ کمیٹی نے گورنر پنجاب کو ایشیا کپ کے بارے میں بھی بریف کیا۔ چوہدری ذکاء اشرف نے بتایا کہ 2008 کے بعد 15 سال بعد ایشیا کپ دوبارہ پاکستان میں منعقد ہونے جا رہا ہے، ایشیا کپ کے چار میچز پاکستان میں منعقد ہوں گے۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ پاکستان میں کرکٹ کے انٹرنیشنل ایونٹس کا انعقاد خوش آئند ہے۔