استحکام پاکستان پارٹی کا منشور تیار، اہم نکات سامنے آگئے

07-19-2023

(لاہور نیوز) استحکام پاکستان پارٹی نے جماعت کا منشور تیار کر لیا، ملک کو درپیش مسائل کے حل کیلئے اہم نکات سامنے آ گئے۔

استحکام پاکستان پارٹی نے اسلامی معاشرے کا قیام، تحفظ ختم نبوتؐ ناموس رسالتﷺ اور مدارس کو قومی دھارے میں شامل کرنا، اوور سیز پاکستانیوں کو ووٹ کا حق،پاکستان میں اُن کی جائیدادوں کے تحفظ و انصاف کی فراہمی اور زرعی اصلاحات کو پارٹی منشور کا حصہ بنایا ہے۔ ساڑھے بارہ ایکڑ زمین تک کے کاشتکاروں کو ٹیوب ویلوں کی بجلی کی مفت فراہمی، مزدوروں کی کم از کم تنخواہ پچاس ہزار روپے و لازمی انشورنس، شہریوں کو 300 یونٹس تک مفت بجلی کی فراہمی، کچی آبادیوں کے لئے مالکانہ حقوق، شہریوں کیلئے اپارٹمنٹ بلڈنگز کے کم لاگت رہائشی منصوبے استحکام پاکستان پارٹی کے منشور میں شامل ہیں۔  استحکام پاکستان پارٹی نے موٹر سائیکل سواروں کو پٹرول کی آدھی قیمتوں پر فراہمی ، ائیر کنڈیشنڈ پبلک ٹرانسپورٹ، بزرگ شہریوں، خواتین اور سٹوڈنٹس کیلئے مفت سفری سہولتیں، ملک کے لئے آزادانہ اور خودمختار خارجہ پالیسی یقینی بنانے کا وعدہ پارٹی منشور کا حصہ بنایا ہے۔ آئی پی پی پولیس، عدلیہ اور ٹیکس کے نظام میں اصلاحات لائے گی، یوتھ اور خواتین کیلئے آسان شرائط پر بلا سود قرضوں و ملازمتوں کی فراہمی، ٹیکنیکل مراکز کا قیام، نئے سرکاری میڈیکل و انجیئنرنگ کالجز کا قیام، بیرون ملک سکالر شپ کی فراہمی بھی استحکام پاکستان پارٹی کے منشور کا حصہ ہوگی۔ اس کے علاوہ لوکل ٹورازم انڈسٹری کا فروغ، ملکی و غیر ملکی سیاحت سے مقامی تجارت کی ترقی کو بھی منشور کا حصہ بنایا گیا ہے۔