آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کا احسن اقدام، اے ایس آئی کی بیٹی کی بینائی بحال

07-19-2023

(ویب ڈیسک) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کے کہنے پر رمشا کی آنکھ کا کورنیا آپریشن کیا گیا جس سے اے ایس آئی کی بیٹی کی بینائی مکمل طورپر بحال ہوگئی۔

سپیشل برانچ وہاڑی میں تعینات اے ایس آئی محبوب عالم کی بیٹی رمشا محبوب فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی کی طالبہ اور نظر کے عارضہ کیراٹوکونس میں مبتلا تھی۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی ہدایت پر اے ایس آئی محبوب عالم کی بیٹی رمشا کی بائیں آنکھ کا کورنیا آپریشن کروایا گیا، محکمہ پولیس نے آپریشن کیلئے سات لاکھ روپے دیے، جس کے بعد طالبہ رمشا کی بینائی مکمل ٹھیک اورتعلیمی سلسلہ بحال ہوگیا۔ رمشا کے والد اے ایس آئی محبوب عالم سپیشل برانچ وہاڑی میں خدمات سر انجام دے رہے ہیں،رمشا محبوب اپنے والد کے ہمراہ سنٹرل پولیس آفس آئیں اور آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور سے ملاقات کی۔ اے ایس آئی محبوب عالم نے بیٹی کا آپریشن کروانے پر آئی جی پنجاب کا شکریہ ادا کیا،آئی جی پنجاب نے طالبہ رمشا محبوب سے اس کی تعلیم اور مستقبل کے پلان بارے دریافت کیا۔ آئی جی پنجاب نے طالبہ کے مستقبل کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بحیثیت سربراہ پنجاب پولیس فورس اور ان کے اہل خانہ کی بہترین ویلفیئر میری اولین ترجیح ہے، فورس کی تعلیم، صحت اور روزگار کے مسائل کے ازالے کیلئے تمام وسائل کو بروئے کار لایا جائے گا۔