شدید گرمی و حبس میں لوڈشیڈنگ، لیسکو ٹرانسفارمر بھی جواب دینے لگے

07-19-2023

(لاہور نیوز) گرمی اور شدید حبس کے باعث شہری سخت اذیت میں مبتلا ہیں، رہی سہی کسر بجلی کی لوڈ شیڈنگ نے نکال دی ، سسٹم پر لوڈ بڑھتے ہی ٹرانسفارمرز جواب دے گئے۔

گرمی اور شدید حبس سے شہریوں کا برا حال کر دیا، موسم کی شدت کے باعث بجلی کی طلب بھی بڑھ  گئی مگر لوڈشیڈنگ کا سلسلہ نہیں رک سکا، سسٹم پر لوڈ بڑھتے ہی ڈسٹری بیوشن ٹرانسفارمرز جواب دینے لگے، دیگر تکنیکی خرابیوں کے باعث بھی  متعدد علاقے گھنٹوں بجلی سے محروم  رہتے ہیں۔  لیسکو کی بجلی کی طلب 4 ہزار 900 میگاواٹ سے تجاوز کر گئی، این پی سی سی کی جانب سے لیسکو کو 4 ہزار 600 میگاواٹ بجلی فراہم کی جارہی ہے، لیسکو کو 300 میگاواٹ شارٹ فال کا سامنا ہے۔ لیسکو نے دیہی علاقوں میں 2 اور ہائی لاسز فیڈرز پر 4 سے 5 گھنٹے لوڈشیڈنگ کا شیڈول جاری کیا لیکن شہر کے مختلف علاقوں میں شیڈول کے برعکس لوڈشیڈنگ  ہو رہی ہے ۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ نے پریشان کر رکھا ہے، دن بھر سکون نہیں ملتا، کاروبار بھی متاثر ہورہا ہے۔