واسا حکام کی سستی کے باعث شیرانوالا واٹرٹینک کی تعمیر کا کام بند
07-18-2023
(لاہور نیوز) واسا حکام کی سستی کے باعث شیرانوالا واٹرٹینک کی تعمیر کا کام بند پڑا ہے۔ ڈیڈلائن کے ایک سال 3 ماہ بعد بھی منصوبہ مکمل نہ ہو سکا۔
شیرانوالا واٹر ٹینک کی تعمیر کا کام واسا حکام کی غفلت کی نذر ہو گیا۔ واٹر ٹینک کی تکمیل کیلئے 20 مارچ 2022ء کی ڈیڈ لائن دی گئی تاہم منصوبہ مکمل نہ ہو سکا۔ واسا نے شیرانوالا فلائی اوور کے ساتھ واٹر ٹینک کو لینٹر ڈال کر ادھورا چھوڑ دیا۔ زیر تعمیر واٹر ٹینک میں گندے پانی کا بسیرا ہے۔ بلڈنگ مٹیریل کو بھی لاوارث چھوڑ دیا گیا۔ لینٹر کا سامان، سریا اور دیگر مٹیریل مستی گیٹ پارک میں پھینک دیا گیا۔ واٹر ٹینک کی تعمیر کے دوران مستی گیٹ پارک کا جنگلہ بھی دو مقامات سے ٹوٹ گیا۔ پارک میں گھاس ختم ، بینچ ٹوٹ پھوٹ کا شکار اور انفراسٹرکچر تباہ حال ہو چکا ہے۔ مستی گیٹ کے رہائشی پارک کی سہولت بھی محروم ہو گئے۔ مستی گیٹ واٹر ٹینک کا رقبہ سات ایکڑ پر محیط ہے۔ واٹر ٹینک سے 55 ایکڑ ملحقہ علاقوں کا بارش کا پانی جمع ہونا تھا۔ پانی کے نکاس کیلئے 1700 میٹر آر سی سی ڈرین بچھائی جانی تھی۔ واٹر ٹینک کی تعمیر کیلئے 19 کروڑ 76 لاکھ 10 ہزار روپے کا تخمینہ لگایا گیا۔ واسا انتظامیہ کا کہنا ہے کہ شیرانوالا واٹر ٹینک کا تعمیراتی کام جاری ہے۔ فنڈز کی کمی کی وجہ سے منصوبے میں تاخیر کا سامنا کرنا پڑا۔